آزاد کشمیر حکومت نے متوازن اور خسارہ فری بجٹ پیش کر دیا، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

مظفرآباد ( بیورو رپورٹ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی مشکلات کے باوجود حکومت نے صرف چھ ماہ میں ایک متوازن اور خسارہ فری بجٹ پیش کیا، جو نہ صرف حکومت بلکہ پوری ریاست کی مشترکہ کامیابی ہے۔

بجٹ کی منظوری پر کابینہ، حکومتی جماعت اور اپوزیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بجٹ مرتب کیا گیا اور مختصر مدت میں مقررہ اہداف کا حصول حکومت کا بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح رہا اور موجودہ اسمبلی کی مدت پوری ہونا جمہوریت کی فتح ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت ایسے وقت میں ملی جب عوام کا ریاستی نظام پر اعتماد کمزور ہو چکا تھا، تاہم محدود وسائل کے باوجود ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دن رات کام کیا گیا، ان کے مطابق آمدن اور اخراجات میں توازن برقرار رکھا گیا اور کسی بھی محکمے کو فنڈز کی کمی کا سامنا نہیں ہونے دیا گیا، جبکہ سابقہ اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی نظام کو بچانے کے لیے ہر مشکل کا مقابلہ کیا، آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں، تاہم ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور ڈائیلاگ ہی ہر مسئلے کا مستقل حل ہیں، جبکہ لاشوں کی قیمت پر مسائل کا حل تلاش کرنا افسوسناک ہے، وزیراعظم نے اعلان کیا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے دو ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ انتخابات میں اپنی چھ ماہ کی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی اور انہیں یقین ہے کہ کامیابی حاصل ہوگی۔

خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر نے متعدد ترقیاتی اور انتظامی اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کھائی گلہ کو سب ڈویژن، جبکہ چکسواری، پانیولا، کھڑی شریف اور گھڑی دوپٹہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ ایڈہاک ملازمین اور بیلداروں کو مستقل کرنے، چکسواری میں ٹیکنیکل کالج، چکسواری، دھیرکوٹ اور شاردہ میں فائر بریگیڈ اسٹیشن، آٹھمقام، جورا اور کٹن میں ریسکیو سینٹرز قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بابون، تولی پیر، گنگا چوٹی، پیر اسی مار، نیل فیری اور دیگر سیاحتی مقامات پر جدید ٹورسٹ ریزورٹس قائم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ فاطمہ جناح لیڈی پارک مظفرآباد کا پرانا نام بحال کرنے، ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام کو 60 سے بڑھا کر 100 بستروں پر مشتمل کرنے اور بنگوئین نالہ ماہل پر آر سی سی پل تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود عوامی خدمت، ریاستی استحکام اور ترقی کا سفر پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔