تحقیقاتی رپورٹ میں معرکۂ حق میں پاکستان کی عسکری اور سفارتی برتری کا دعویٰ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) عالمی ذرائع ابلاغ اور تحقیقاتی ادارے معرکہ حق میں پاکستان کی عسکری برتری اور بھارت کی بدترین شکست کا بارہا اعتراف کر چکے ہیں، برطانوی اشاعتی ادارے میں پاکستان پلے بک کی تحقیقاتی رپورٹ نے معرکۂ حق میں پاکستان کی فیصلہ کن برتری کو حقائق اور شواہد کے ساتھ اجاگر کر دیا، پاکستان پلے بک ایک آزاد تحقیقی اور تجزیاتی ادارہ ہے جو جنوبی ایشیا کی جیوپولیٹکس، علاقائی سلامتی اور سٹریٹجک کمیونیکیشنز کا احاطہ کرتا ہے۔

برطانوی سٹریٹجک ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن فرم کی رپورٹ کے مطابق معرکہ حق میں پاکستان کی عسکری برتری نمایاں رہی جس میں متعدد بھارتی طیارے بشمول رافیل تباہ ہوئے، امریکی اور فرانسیسی انٹیلیجنس حکام نے بھی معرکہ حق میں بھارت کے بھاری نقصانات کی توثیق کی۔

بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور دفاعی اتاشی بھی معرکہ حق میں اپنے بھاری نقصانات کا برملا اعتراف کر چکے ہیں، معرکہ حق میں فتح کے بعد امریکہ سمیت دیگر ممالک کیساتھ بہترین اور مضبوط سفارتی تعلقات قائم کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق معرکہ حق میں پاکستان کی واضح عسکری برتری نے فضائیہ سمیت دیگر شعبوں میں بھارت کی دفاعی کمزوریوں کو عیاں کر دیا ہے، پاکستان کی مؤثر دفاعی حکمت عملی کے باعث آپریشن سندور میں بھارت کے حملے پاکستانی تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی معرکہ حق میں کامیابی جدید جنگی نظام اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستان کے مضبوط ایئر ڈیفنس سسٹم کی بدولت بھارتی ڈرونز مؤثر ثابت نہیں ہو سکے، سیٹلائٹ تصاویر اور شواہد اس مؤقف کو تقویت دیتے ہیں کہ پاکستان کے کسی جنگی طیارے کا نقصان نہیں ہوا۔

معرکہ حق میں پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود بھارت پر واضح عسکری برتری حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، پاکستان کے لڑاکا طیارہ جے 10 سی کی قیمت 40 سے 55 ملین ڈالر جبکہ بھارتی رافیل کی قیمت 115 سے 140 ملین ڈالر ہے۔

معرکہ حق میں پاکستان کے نقصانات کی شرح انتہائی کم جبکہ بھارت کو تقریباً 45 سے 51 بلین ڈالر کا نقصان برداشت کر نا پڑا، معرکہ حق کے بعد یورپی یونین سمیت بڑے عالمی اداروں سے تعلقات نے پاکستان کے عالمی وقار اور سفارتی ساکھ میں بے پناہ اضافہ کیا، معرکہ حق کے بعد سفارتی کامیابیوں کے تسلسل میں پاکستان کی امریکہ اور ایران امن معاہدہ کی تکمیل کوعالمی سطح پر سراہا گیا۔

عالمی ماہرین کے مطابق معرکہ حق میں پاکستان نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی فاتح رہا اور امریکہ ایران جنگ بندی سے پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ، تحقیقاتی رپورٹ سے واضح ہے کہ جدید جنگوں میں صرف دفاعی اخراجات نہیں بلکہ عسکری قیادت کی بصیرت، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط حکمت عملی فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔