غزہ (ویب ڈیسک) جنگ بندی کے باوجود غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، مختلف علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید اور 20 افراد زخمی ہو گئے، عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں الرشید سٹریٹ پر ایک گاڑی کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا، خان یونس میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔
خان یونس کے ہی علاقے المواصی میں بے گھر افراد کے خیمے پر اسرائیلی حملے میں مزید 2 فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے، عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی پابندیاں مزید سخت ہو چکی ہیں، جس کے باعث طبی سامان کی شدید قلت برقرار ہے، غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر 2025 سے اب تک 1,072 افراد شہید اور 3,463 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں شہداء کی مجموعی تعداد 73,098 اور زخمیوں کی تعداد 173,571 تک پہنچ گئی ہے۔

