راولپنڈی(سپیشل رپورٹر) خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 6 اگست کو جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں اس وقت کی گئی جب فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا، فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ، ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی ضلع دیر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی، جہاں مزید 2 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ قومی وژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں اور دہشتگرد عناصر کے خاتمے تک یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے، جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک حکومت پوری قوت اور عزم کے ساتھ سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

