اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی، جسے پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر اور شہری ترقی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ، نئی پالیسی تقریباً 25 سال بعد منظور کی گئی ہے، اس سے قبل ملک کی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2001ء میں منظور ہوئی تھی۔
نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کا مقصد ہاؤسنگ اور شہری منصوبہ بندی کے شعبے کے لیے ایک جامع قومی فریم ورک فراہم کرنا اور مستقبل کی رہائشی و شہری ترقی کے لیے واضح سمت متعین کرنا ہے ، پالیسی میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط، جامع اور پائیدار حکمتِ عملی وضع کی گئی ہے۔
پالیسی کا بنیادی وژن تمام شہریوں کے لیے مناسب، سستی اور پائیدار رہائش کی فراہمی کو فروغ دینا ہے۔ اس کے علاوہ رہائشی مواقع، بنیادی سہولیات اور معاون انفراسٹرکچر تک بہتر رسائی یقینی بنانا بھی پالیسی کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔
نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے نو اہم موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں رہائش کے لیے اراضی، ہاؤسنگ فنانس، تعمیراتی خدمات، ٹیکنالوجی اور تعمیراتی مواد، درمیانے اور ثانوی شہروں کی ترقی، کچی آبادیاں اور اسکواٹر سیٹلمنٹس، سستی رہائش، کم آمدنی والے طبقے کے لیے کم لاگت اور دیہی رہائش، جبکہ استعدادِ کار میں اضافہ اور علم و تجربات کا تبادلہ شامل ہیں۔
پالیسی میں اراضی کی دستیابی، ہاؤسنگ فنانس، تعمیرات و ٹیکنالوجی، متوازن شہری ترقی، کم آمدنی والے طبقے اور دیہی آبادی کے لیے رہائشی سہولیات، ادارہ جاتی و قانونی اصلاحات سمیت موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی ماحول دوست اور پائیدار رہائش کے لیے بھی جامع فریم ورک فراہم کیا گیا ہے ، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ اور سیکریٹری وزارتِ مکانات و تعمیرات نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی تیاری میں وزارت کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ٹیم کو مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پالیسی کی تشکیل کے دوران تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی بھرپور کوشش کی گئی اور اس مقصد کے لیے وسیع پیمانے پر مشاورت اور محنت کی گئی ، میاں ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لیے ایک اہم کامیابی اور تاریخی سنگِ میل ہے، خصوصاً اس لیے کہ پاکستان تقریباً ایک چوتھائی صدی سے نئی اور جامع قومی ہاؤسنگ پالیسی سے محروم تھا۔
انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی ملک میں ہاؤسنگ کی کمی اور شہری ترقی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے واضح سمت فراہم کرے گی اور پاکستان بھر میں جامع، سستی اور پائیدار رہائشی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی، وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مطابق نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کا مسودہ عوامی معلومات اور حوالہ کے لیے وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

