کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سوئی ماسٹر پلان کے منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں ، بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت سوئی ماسٹر پلان پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے مختلف ترقیاتی امور، تعمیراتی معیار اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ سوئی ماسٹر پلان کے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر معیاری کام کی صورت میں ذمہ دار فرم اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سوئی کو جدید اور مثالی سِوک سٹی بنایا جائے گا، جبکہ سوئی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی دلچسپی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ منصوبوں کی نگرانی کریں ، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سوئی ماسٹر پلان کے فیز ون میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے متعدد منصوبے شامل ہیں، جن میں روشن سڑکیں، سیوریج سسٹم اور دیگر شہری سہولیات شامل ہیں، میر غلام قادر بگٹی سٹیڈیم، لیڈیز پارک، بس ٹرمینل اور ٹرک اسٹینڈ بھی ماسٹر پلان کا حصہ ہوں گے ، سوئی ماسٹر پلان بریفنگ میں بتایا گیا کہ سوئی ماسٹر پلان حکومت بلوچستان اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے 50،50 فیصد اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔

