Awais-Laghari

تمام ڈسکوز میں صارفین کے اطمینان کا سروے فوری شروع کرنے کا حکم

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت اجلاس میں تمام ڈسکوز کو احکامات دئیے گئے کہ کنزیومر پرسیپشن سروے کے طریقہ کار، معیارات اور شیڈول کو حتمی شکل دے کر سروے فوری طور پر شروع کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے ڈائریکشن دی کہ سروے کے معیارات نیپرا کے مقرر کردہ پیرامیٹرز کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ صارفین کی رائے کو حقیقی معنوں میں اہمیت دی جا سکے ، اس سے ڈسکوز کی کارکردگی اور خدمات پر صارفین کے اطمینان کا تعین ہوگا، اور سروے کے نتائج مستقبل کی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے احکامات دیے کہ متعلقہ فریقین سروے کی منظوری جلد از جلد مکمل کریں تاکہ عمل بلا تاخیر شروع ہو۔ سروے ہر چھ ماہ بعد لازمی طور پر مکمل کیا جائے، جبکہ سالانہ شیڈول میں کم از کم ایک سروے موسمِ گرما میں شامل ہو ، وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سروے محض انتظامی کارروائی نہیں بلکہ صارفین کی فلاح اور خدمت کے عزم کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد عوام کو فراہم کردہ خدمات میں بہتری لانا ہے۔

وفاقی وزیر نے صارفین سے اپیل کی کہ سروے کے دوران اپنی دیانت دارانہ اور بلا جھجک رائے دیں، کیونکہ ان کی سچی رائے ہی ادارے کی کارکردگی میں بہتری کی بنیاد بنے گی اور حکومت و متعلقہ اداروں کو زیادہ باخبر، شفاف اور دانش مندانہ فیصلے کرنے کے قابل بنائے گی، جس سے بجلی کے شعبے میں صارفین کے اعتماد اور اطمینان میں اضافہ ہوگا۔