آسٹریلیا نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 84 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

ہرارے (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 84 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز اپنے نام کرلی ، ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلوی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے جارحانہ سنچری سکور کرتے ہوئے 112 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے ، دوسری جانب کُوپر کونولی نے 78، کپتان مچل مارش نے 53، جوش انگلس نے 21، ایلکس کیرے نے 20 اور میٹ رینشا نے 15 رنز بنائے، اولیور پِیکے دھواندار 41 جبکہ نیتھن ایلس 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

علاوہ ازیں زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز نے 3، ویلنگٹن ماساکاڈزا نے 2 جبکہ ویزلے مادھیویر نے ایک وکٹ حاصل کی ، آسٹریلیا کے 357 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہ رکھ سکی اور 84 رنز سے میچ ہار گئی ، واضح رہے اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے تین میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔