Hafiz Naeem Rehman Gujrat Press Confrence Capitalnewspoint.com

پاکستان میں آئی ٹی کے 40 ارب ڈالر تک مواقع موجود ہیں . حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے میں 30 سے 40 ارب ڈالر کے مواقع موجود ہیں، نوجوانوں میں بے شمار ٹیلنٹ ہے، انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔

پاکستان کے سب سے بڑے اے آئی ہیکاتھون 2026ء کے گرینڈ فائنل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ایک بااعتماد ادارہ ہے جو نہ صرف انسانیت کی خدمت کر رہا ہے بلکہ نوجوانوں کی تربیت بھی کر رہا ہے ، امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل پروگرام روز بروز ترقی کر رہا ہے اور 16 لاکھ بچے اس پروگرام سے جڑ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں شرکا کی موجودگی بنو قابل پروگرام پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ اے آئی کا دور ہے اور نوجوانوں میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے، بنو قابل پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو آئی ٹی کی مفت تعلیم دے رہے ہیں، ہم نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں آگے لانا چاہتے ہیں۔

امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سب سے زیادہ امید کی ضرورت ہے، اگر نوجوانوں کو مایوس کر دیں گے تو کچھ بھی نہیں چلے گا، اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں گے تو یہی نوجوان ملک کو آگے لے کر جائیں گے، جہاں مواقع ختم ہو چکے ہوں وہاں بنو قابل پروگرام امید بن کر ابھرا ہے اور یہ پروگرام گیم چینجر ثابت ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ہم اتنا آگے نہیں بڑھ سکے جتنے مواقع موجود ہیں، پاکستان میں اس شعبے میں 30 سے 40 ارب ڈالر کے مواقع موجود ہیں، ہم حکومت سے مطالبے کے ساتھ ساتھ اپنے حصے کے چراغ بھی جلا رہے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن کے ایک لاکھ سے زائد رضاکار رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور نوجوانوں کو مختلف پراجیکٹس کی طرف لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے علی بابا کلاؤڈز کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علی بابا کی ٹیم ہماری مدد جاری رکھے، یہ صرف نقطہ آغاز ہے، ہماری منزل نہیں، علم حاصل کرکے اسے لوگوں کے لیے نفع بخش بنانا ہے۔

امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے کہا کہ جوں جوں ٹیکنالوجی ترقی کر رہی ہے لوگوں کی زندگیاں مشکل بن رہی ہیں، جدید زمانے کے ٹیکنو فیوڈل ازم کی وجہ سے عوام کو غلام بنایا جا رہا ہے، اگر خدا کا خوف نہ ہو تو یہی ٹیکنالوجی لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے مشکلات کا شکار کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام سے ٹیکس وصول کرتی ہے تو اسے مفت اور معیاری تعلیم بھی فراہم کرنی چاہیے، پٹرول کے ہر لٹر پر لیوی وصول کی جاتی ہے، تعلیم ہمارے لیے خیرات نہیں بلکہ ہمارا حق ہے، ملک کے ہر بچے کو معیاری تعلیم ملنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں کو امید کی ضرورت ہے، بنو قابل پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے، ہم سب نے اپنے حصے کا چراغ جلانا ہے تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں ، تقریب کے اختتام پر امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے کامیاب پراجیکٹس تیار کرنے والے نوجوانوں کو مبارک باد بھی پیش کی۔