بیرون ملک ملازمت کے نام پر 25 کروڑ کا مبینہ فراڈ، ٹائمز گروپ کے 2 مالکان گرفتار

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر مبینہ مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دی ٹائمز امیگریشن / دی ٹائمز گروپ / دی ٹائمز انٹرپرائزز کے دو مالکان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں وجاہت حسین (برانچ منیجر / مالک) اور زوہیب الرحمٰن (شریک مالک) شامل ہیں ، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایک منظم امیگریشن فراڈ نیٹ ورک کا حصہ تھے، جس کا مرکزی ایجنٹ جہانزیب اکرم عرف جنید بٹ بتایا جاتا ہے۔

کیس میں سعودی عرب میں ملازمت اور امیگریشن کے مواقع فراہم کرنے کے نام پر متعدد شہریوں سے مبینہ دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے ، فراڈ کی مجموعی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ، ملزمان کو ایف آئی آر نمبر 269/2025 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کی ہدایات پر ویزا فراڈ اور شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے نام پر لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی ، ایف آئی اے شہریوں کے ساتھ امیگریشن اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر ہونے والے فراڈ کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے.