اسلام آباد (احسان بخاری) اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کو مبینہ تشدد کے بعد قتل کیے جانے کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے گرفتار ملزمہ افشاں کے شوہر، گریڈ 19 کے افسر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ بچی پر تشدد کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی عدالتی احکامات کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں اور پولیس تفتیشی ٹیم نے ملزمہ افشاں کے شوہر، سینئر افسر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کے بیانات جلد ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بچی فاطمہ پر تشدد اور قتل کے واقعے میں گرفتار ملزمہ افشاں اور قاری علی پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ کیس میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ، پولیس نے واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی جانچ بھی شروع کر رکھی ہے، جبکہ بعض شواہد فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں، فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد اسے بھی تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے اور نئے شواہد کی روشنی میں مزید افراد سے پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے ، فاطمہ قتل کیس میں گرفتار دونوں ملزمان کو پیر کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں پولیس کی جانب سے پیش رفت اور تفتیشی صورتحال سے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔

