اسلام آباد ( احسان بخاری ) اسلام آباد میں سرکاری رہائش گاہوں کو کرائے پر دینے کا بڑا اسکینڈل 2026 کی سروے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے ، ذرائع کے مطابق اسٹیٹ آفس کے متعدد افسران ان گھروں میں نوٹس جاری کرکے نذرانے وصول کرتے تھے جس کی وجہ سے ان گھروں میں مکین افراد نے غیرقانونی تجاوزات قائم کرکے ان کو کرایوں پر دے رکھی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیٹ آفس کے افسران مبینہ طور پر سرکاری مکان میں تعمیرات کرنے کے لئے بھاری نذرانے وصول کرنے کے بعد ہی انہیں اجازت دیتے ، زیادہ تر کا نوٹس ایسے ہی گھروں کو جاری کئے جاتے جہاں پر تجاوزات اور دوسرے افراد کو گھر دیئے جاتے تھے بعد ازاں سٹیٹ آفس کے انسپکٹر مبینہ طور پر وہ نوٹس غائب کردیتے۔
جبکہ اعلیٰ سرکاری افسران جن کو گھر الاٹ کئے گئے ان کوکھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ اس وقت بھی اسلام آباد میں سرکاری گھروں میں اس قدر تجاوزات ہیں کہ گریڈ 18 گریڈ 19 کے افسران نے اپنے سرونٹ کوارٹر تک کرائے پر دے رکھے ہیں ، زیادہ تر ایم این ایز، وفاقی وزراء اور وفاقی وزیر ہائوسنگ کے سفارشی ملازمین کو تو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
سروے کے مطابق 2,441 سرکاری مکانات و فلیٹس میں سے 1,851 پر کرایہ دار یا دیگر افراد موجود پائے گئے، 590 لاک یا خالی قرار ، رپورٹ کے مطابق سیکٹر G-6، G-7، G-9، G-10 اور I-9 سمیت مختلف سیکٹرز کے متعدد کوارٹرز کرائے پر دینے یا دیگر افراد کے زیرِ استعمال ہونے کا انکشاف، سروے لسٹ میں بعض رہائشی یونٹس پر الاٹیز کے بجائے کرایہ داروں، رشتہ داروں، پراپرٹی ڈیلر اور دیگر محکموں کے ملازمین کی موجودگی درج۔
وزارتِ ہاؤسنگ کے مطابق تقریباً 43 ہزار ملازمین رہائش کے منتظر جبکہ دستیاب سرکاری مکانات کی تعداد محض 17 ہزار 400 کے قریب ہے ، سیکٹر ایف سکس ون، بلاک 2، فلیٹ نمبر 5 میں الاٹی رخسانہ جبین کے بجائے فرح حفیظ موجودسیکٹر ایف سکس ون، بلاک 5، فلیٹ نمبر 6 میں الاٹی رائے نوید اصغر کی جگہ عثمان اختر مقیم سیکٹر ایف سکس ون، بلاک 6، فلیٹ نمبر 6 میں الاٹی سلیم سرور کے بجائے سعید احمد کی موجودگی کا انکشاف سیکٹر ایف سکس ون، بلاک 7، فلیٹ نمبر 2 میں الاٹی سید ستار شاہ کی جگہ سعدیہ موجود سیکٹر ایف سکس ون، بلاک 7، فلیٹ نمبر 3 میں الاٹی محمد نعیم کے بجائے محمد فخرِ جہاں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیٹ آفس میں تعینات سٹیٹ افسر کے ماتحت عملہ نے زیادہ تر لوگوں کو تجاوزات کرنے پر نوٹس جاری کرتے تھے جس کے بعد معاملات طے کرکے انہیں کھلی چھٹی دے دی جاتی تھی ، زیادہ تر افسران ڈیپوٹیشن پر دیگر ڈیپارٹمنٹ میں چلے گئے ہیں۔

