اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے حملے یمن کے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے حصول کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے ، ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔

