Hania Amir

ہانیہ عامر نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ دیا، پہلا گانا ’پابلو‘ ریلیز

کراچی (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری کے بعد موسیقی کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا اور ان کا پہلا گانا ’پابلو‘ ریلیز کر دیا گیا ، گانا ’پابلو‘ ہانیہ عامر نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے، گانے کا آغاز پیانو کی دھن سے ہوتا ہے جو اداکارہ کے معمول کے معصوم اور شوخ انداز سے مطابقت رکھتی ہے تاہم اس کے بعد گانا پنجابی ہپ ہاپ کی طرز اختیار کر لیتا ہے۔

ہانیہ عامر گانے میں ان لوگوں کو مخاطب کرتی ہیں جو ان کے مطابق انہیں اس لیے ’جعلی‘ سمجھتے ہیں کہ وہ بہت خوبصورت ہیں جبکہ وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ لوگ انہیں حد سے زیادہ محتاط سمجھتے ہیں ، اداکارہ نے مخالفین کیلئے پنجابی بول بھی گائے جن کا مفہوم یہ ہے کہ ہم ہنس رہے ہیں جبکہ آپ پیچھے بیٹھے جل رہے ہیں، ہم سکون سے ہیں اور آپ روز جھگڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، گانے میں ہانیہ عامر اپنی مقبولیت کا بھی ذکر کرتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مداح ہر جگہ ان کا پیچھا کرتے ہیں اور ان کے ’پنڈی اٹیٹیوڈ‘ کو پورا بھارت دیکھ رہا ہے ، گانے کے دوران اداکارہ کہتی ہیں کہ ان کے پاس ایسی حویلیاں ہیں جنہیں وہ خالی رکھتی ہیں تاہم ان کے بہت سے دوست انہیں مصروف رکھتے ہیں جبکہ ان کی مختلف شرارتیں اور سرگرمیاں بھی ان کیلئے مصروفیت کا باعث بنتی ہیں۔

ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اگلے قدم کی منصوبہ بندی میں مصروف نہیں، جیسا کہ ان کے ناقدین ان کے بارے میں سوچتے ہیں بلکہ وہ موسیقی کی دھن پر لطف اندوز ہو رہی ہیں اور اپنے انداز میں زندگی گزار رہی ہیں ، اداکارہ نے گانے میں یہ بھی کہا کہ وہ انٹرویوز بھی نہیں دیتیں لیکن اس کے باوجود خبروں میں رہتی ہیں۔

ہانیہ عامر نے اپنے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکون سے بیٹھیں، کچھ سانس لیں اور زیادہ پریشان نہ ہوں، سب لوگ یہاں انسان ہیں اور ہر شخص کو اپنے کیے کا جواب دینا ہوگا، اس لیے اپنی حیثیت کے مطابق زندگی گزارنا سیکھنا چاہیے ، ’پابلو‘ کا سب سے حیران کن حصہ اس کا اختتامی حصہ ہے جس میں بھارتی ریئلٹی ٹی وی سٹار راکھی ساونت خصوصی طور پر شامل ہیں، گانے میں راکھی ساونت ہانیہ عامر کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں ’جان‘ کہتی ہیں اور کہتی ہیں کہ وہ پریشان نہ ہوں اور کسی قسم کا ٹینشن نہ لیں۔

راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’حور‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کے چہرے پر ایک خاص نور ہے جس کی وجہ سے لوگ ان سے حسد کرتے ہیں ، بھارتی ریئلٹی ٹی وی سٹار نے ہانیہ عامر کو ’شیرنی‘ بھی قرار دیا اور انہیں اپنے مخالفین کا بہادری سے سامنا کرنے کا مشورہ دیا، راکھی ساونت نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ جو شخص ڈر گیا، وہ سمجھیں مر گیا۔