بڑے ٹرانسپورٹ اڈے مظفرآباد شہر سے باہر منتقل کیے جائیں . وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ بڑے ٹرانسپورٹ اڈے مظفر آباد شہر سے باہر منتقل کیے جائیں ، کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ، پبلک ٹرانسپورٹ ری لوکیشن پلان اور محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سے متعلق الگ الگ اجلاس ہوئے۔

ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ ری لوکیشن پلان کے اجلاس میں وزیراعظم افتخار گیلانی نے نئے لاری اڈے کے لیے مجوزہ سائٹس کا فوری معائنہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ، انہوں نے غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے فوری ختم کرنے اور ٹریفک مسائل کا عارضی کے بجائے مستقل حل تلاش کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہدایت کی کہ نئے لاری اڈے کی منصوبہ بندی میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے، جبکہ سڑکوں کی کشادگی اور متبادل روٹس کے لیے فزیبلٹی تیار کی جائے ، افتخار گیلانی نے سبزی منڈی کو مختص کردہ جگہ پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے، شہر کے انٹری پوائنٹس کو صاف، خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کی بھی ہدایت کی، نیلم پارک اور ٹاہلی منڈی کی جدید ڈیزائننگ اور تزئین و آرائش کے لیے بھی پلان تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔