اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور مجموعی علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی ، دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں بدلتی صورتحال سمیت حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں پر جہازوں کی محفوظ آمدورفت نہ صرف عالمی تجارت بلکہ ترقی پذیر ممالک اور بین الاقوامی سپلائی چینز کے لیے بھی انتہائی اہم ہے ، نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رابطے کے دوران دونوں ممالک نے باہمی مشاورت اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ، اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

