اسلام آباد ایکسپریس وے پر 377 غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سی ڈی اے کا بڑا آپریشن

اسلام آباد (سپیشل رپوٹر) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے تجاوزات سے پاک اسلام آباد پالیسی کے تحت اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پر غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف جامع کارروائی شروع کر دی ، سی ڈی اے کے مطابق ایکسپریس وے کے اطراف مجموعی طور پر 377 غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جن میں 281 کمرشل تعمیرات بھی شامل ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کی مد میں تقریباً 3 ارب روپے واجب الادا ہیں، جبکہ جاری آپریشن کے دوران اب تک تقریباً 10 کروڑ روپے کی رقم وصول کی جا چکی ہے ، سی ڈی اے کے مطابق 140 سے زائد خلاف ورزی کرنے والی تعمیرات کے خلاف کارروائی مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ سوان سے کھنہ پل تک مزید 124 تعمیرات کو انہدام کے لیے نشان زد کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

آپریشن میں سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں، بلڈنگ کنٹرول سروسز (بی سی ایس)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں ، حکام کے مطابق جن احاطوں کو خلاف ورزیوں کے باعث سیل کیا گیا ہے، انہیں اس وقت تک نہیں کھولا جائے گا جب تک متعلقہ خلاف ورزیوں کا ازالہ اور قانونی کارروائی مکمل نہیں ہو جاتی۔

سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے کو منظم اور قواعد کے مطابق ریگولیٹ کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں ، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام اور شہر کی منصوبہ بند ترقی اس کی ترجیحات میں شامل ہے ، سی ڈی اے نے واضح کیا کہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک، منظم اور منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق شہر بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔