تہران (ویب ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے تیسرے ملکوں کے نمائندوں کے دونوں فریقوں سے الگ الگ مذاکرات متوقع ہیں ، عالمی خبر رساں ایجنسی نے مذاکرات سے باخبر ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ثالث ملکوں کے نمائندے امریکا اور ایران کے ساتھ علیحدہ علیحدہ بات چیت کریں گے۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور قطری ثالث اس وقت امریکا میں موجود ہیں، جہاں ایران کی جانب سے پیش کی گئی سات روزہ تجویز کے ترمیم شدہ مسودے پر بات چیت متوقع ہے ، دوسری جانب ایرانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وفد کا امریکا کے ساتھ مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں اور نیویارک میں امریکی حکام سے براہِ راست مذاکرات نہیں ہوں گے۔
ایرانی مؤقف کے مطابق تہران نے اپنی تجاویز اور شرائط قطری ثالث کے ذریعے امریکا تک پہنچا دی ہیں اور اب وہ واشنگٹن کے جواب کا منتظر ہے ، اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا، جبکہ قطر سمیت دیگر ثالث فریق دونوں ملکوں کے درمیان بالواسطہ رابطوں کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

