گلگت (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، گورنر راج سیاسی طور پر کوئی اچھا فیصلہ نہیں، ہم بھی نہیں چاہتے کہ ہم آخری حد پر جائیں ، زاہد خان اور ثمر بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو لاوارث چھوڑ وزیر اعلیٰ کے پی ون پوائنٹ ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، خیبر پختونخواکے حالات کشیدہ ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا دھرنوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حالات روز بروز خراب ہو رہے ہیں ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا دو ماہ سے کبھی لاہور کبھی سندھ میں گھوم رہے ہیں ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوامیں دہشت گردی ہورہی ہے، خیبر پختونخوا جل رہا ہے ، کوئی باہر نہیں نکل سکتا، وہاں عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، لوگ اپنے عزیزوں کی لاشیں اٹھا رہے ہیں، دہشتگردی کے معاملے پر ایک پیج پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بدعنوانی عروج پر ہے، وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہے ، خیبر پختونخوا اس وقت لاوارث صوبہ ہے، خیبر پختونخوا حکومت کو عوام کے مسائل کا احساس کرنا چاہیے۔

