اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ کاروبار، جدت اور اسٹارٹ اپس کے فروغ پر توجہ دیں اور ملازمتیں تلاش کرنے کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے بننے کا ہدف مقرر کریں تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی توسیع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
وہ چیمبر ہاؤس میں انٹرنیشنل معارف اسکولز کے بی ٹیک پروگرام کے طلبہ کے وفد سے خطاب کر رہے تھے، جس کی قیادت پرنسپل ڈاکٹر زرفشان عدنان کر رہی تھیں ، صدر آئی سی سی آئی نے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر نوجوانوں کے لیے کاروباری رہنمائی، تربیت اور مینٹورشپ کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن سکتا ہے ، انہوں نے نوجوانوں کو اسٹارٹ اپس کے مواقع، دستیاب یوتھ فنانسنگ اسکیموں اور کاروبار کے قیام کے امکانات سے آگاہ کرنے میں چیمبر کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو پہچانتے ہوئے عملی مہارتیں حاصل کرنی چاہئیں اور محنت، مستقل مزاجی اور مناسب رہنمائی کے ذریعے اپنے کاروباری خیالات کو کامیاب منصوبوں میں تبدیل کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کاروباری سوچ کو فروغ دینا روزگار کی فراہمی، معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے۔
پرنسپل ڈاکٹر زرفشان عدنان نے کہا کہ وفد کے دورے کا مقصد طلبہ کو آئی سی سی آئی کے کردار، سرٹیفکیشن اور سہولت کاری کی خدمات، کاروباری مواقع اور کاروباری برادری کے طریقۂ کار سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ درآمدات، برآمدات اور ڈسٹری بیوشن سمیت تجارتی سرگرمیوں کی عملی سمجھ بوجھ طلبہ کو مستقبل میں کاروبار شروع کرنے کے لیے بہتر طور پر تیار کر سکتی ہے ، انہوں نے طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کرنے اور وفد کی میزبانی کرنے پر آئی سی سی آئی کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق چٹھہ نے طلبہ کو چیمبر کے کردار، کاروباری برادری کی نمائندگی اور تجارتی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور کاروباری تنظیموں کے درمیان روابط مضبوط بنانے سے نوجوانوں کو کاروباری ماحول، تجارتی طریقۂ کار اور دستیاب مواقع کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان نے کامیاب کاروباری شخصیت بننے کے لیے طلبہ کو مفید مشورے دیتے ہوئے عملی مہارتیں حاصل کرنے، مارکیٹ کی ضروریات کو سمجھنے، اہداف کے حصول کے لیے مستقل مزاجی اختیار کرنے اور کاروباری چیلنجز کا اعتماد کے ساتھ سامنا کرنے کی تلقین کی، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر ابرار الحق اور سابق سینئر نائب صدر نوید ملک نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور کاروباری ترقی اور انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

