اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی جانب سے سیکٹر G-13/4، اسلام آباد کے رہائشیوں کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کے لیے آج بروز ہفتہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکٹر کے مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں۔
ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری کی قیادت ڈائریکٹر انفورسمنٹ تنویر حیدر کھوکھر نے کی ، اس موقع پر ڈائریکٹر مینٹیننس FGEHA رفاقت بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ ملک نعمان اکبر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ رضوان شاہ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے رہائشیوں اور مارکیٹ نمائندگان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ، کھلی کچہری میں ریزیڈنٹس کی ٹیم کی نمائندگی جاوید قریشی کر رہے تھے۔
جبکہ دیگر ممبران میں ممتاز علی ، چوہدری امجد علی موجود تھے ، اس موقع پر رہائشیوں نے سیکٹر میں درپیش مختلف مسائل، بالخصوص ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی، انفراسٹرکچر، سڑکوں، نکاسیٔ آب اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق اپنے تحفظات اور تجاویز FGEHA حکام کے سامنے پیش کیے۔
ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹرانفورسمنٹ نے رہائشیوں کے مسائل کو تفصیل سے سنا اور متعلقہ امور پر ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ رہائشیوں کو درپیش جائز مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹر مینٹیننس FGEHA رفاقت بھٹی صاحب نے سیکٹر کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی و مینٹیننس امور اور مستقبل کے اقدامات کے حوالے سے رہائشیوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مختلف مسائل کے حل کے لیے متعلقہ شعبوں کی ذمہ داریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے اس موقع پر کہا کہ FGEHA اور رہائشیوں کے درمیان براہِ راست رابطہ مسائل کے بروقت حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشیوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور قابلِ عمل شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ شعبوں کو متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے رہائشیوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
رہائشیوں کی جانب سے FGEHA حکام کو کھلی کچہری کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے براہِ راست رابطے سے نہ صرف مسائل کی نشاندہی بہتر انداز میں ہوتی ہے بلکہ ان کے حل کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔
اس موقع پر ریزیڈنٹس نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیکٹر کی بہتری، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے FGEHA کے متعلقہ حکام کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون جاری رکھیں گے۔
کھلی کچہری میں مارکیٹ ٹریڈ یونین کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور مارکیٹ سے متعلق مختلف مسائل اور تاجروں کے تحفظات FGEHA حکام کے سامنے پیش کیے ، اس موقع پر آصف صاحب، سیف اللہ صاحب اور فضل شاہ صاحب نے مارکیٹ کے مسائل کی نمائندگی کرتے ہوئے متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے اس موقع پر واضح کیا کہ مارکیٹس میں ہونے والے انفورسمنٹ آپریشنز بلاامتیاز اور یکساں طور پر (Across the Board) کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات یا سرکاری اراضی پر غیر مجاز قبضہ/تعمیرات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون و ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ FGEHA کی جانب سے انفورسمنٹ کے معاملات میں شفافیت، یکساں پالیسی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
کھلی کچہری کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ آج سامنے آنے والے مسائل پر عملی پیش رفت ہوگی اور FGEHA حکام اور سیکٹر کے رہائشیوں تاجروں کے درمیان رابطے کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ G-13 کو مزید بہتر، صاف ستھرا اور رہائشیوں کے لیے ایک مثالی سیکٹر بنایا جا سکے۔

