Faisal Karim Kundi Capitalnewspoint.com

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور مساوی مواقع حکومت کی ذمہ داری ہے. فیصل کریم کنڈی

پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا بنانا ہمارا عزم ہے ، خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام شہریوں کو ہر شعبے میں برابر کے مواقع حاصل ہوں گے، جبکہ محدود وسائل کے باوجود اقلیتی برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے ، گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سکھ برادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، اقلیتیں صوبے اور ملک کا اہم حصہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمیں مل کر صوبے میں امن قائم کرنا اور ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کرنا ہے ، اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے اور صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بچوں کے ہاتھوں میں بندوق کے بجائے قلم دینا ہوگا، کیونکہ تعلیم ہی روشن مستقبل اور پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، نوجوان نسل کو تعلیم، کھیل اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرکے معاشرے میں امن اور برداشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کو ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنایا جائے گا، ہمیں مل کر ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا تعمیر کرنا ہے، جہاں تمام شہریوں کو بلاامتیاز ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔