Samar Bilour Capitalnewspoint.com

مولانا صاحب ہوش کے ناخن لیں، صوبے کی ترقی کے لیے ہمارے ساتھ آئیں. ثمر بلور

پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی ممبر مشیر اطلاعات ثمر بلور نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کی ہم عزت کرتے ہیں لیکن جو کڑی ملا رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں، مولانا صاحب ہوش کے ناخن لیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثمر بلور نے کہا کہ مولانا میں جو غصہ پایا جا رہا ہے وہ انتہائی عجیب ہے، مولانا کا غصہ ان کا پی ڈی ایم کے دور میں کرپشن میں ملوث لوگوں کا ہے، جھنجلاہٹ اس لئے ہے کہ مولانا کے ساتھ ملاقات اور مشورے کوئی نہیں لے رہا ، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کی طرف سے عجیب باتیں ہو رہی ہیں، مولانا صاحب صوبے کی ترقی کے لئے ہمارے ساتھ آگے آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی ابھی بھی محفوظ کسٹڈی میں ہیں لیکن یہ پتہ نہیں کہ پشاور میں ہیں یا باہر ہیں، ان کے خلاف چارج شیٹ ہوگی اس حوالے سے دیکھا جائے گا ، ثمر بلور نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن ہے اور مختلف پراجیکٹ میں بے ضابطگیاں ہوئیں ہیں، سہیل آفریدی نے مختلف اضلاع میں غیر قانونی ٹھیکے دیئے، سہیل آفریدی کے بھائی اور کزن نے مختلف پراجیکٹ میں کرپشن کی ہے، سہیل آفریدی ریڈیو پاکستان اور دیگر معاملات میں بھی ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ دیر کالونی میں جو افسوس ناک واقعہ ہوا اس حوالے سے کمیٹی بنائی گئی، واقعے کی انکوائری رپورٹ جلد منظر عام پر آئے گی، سکولوں اور مدرسوں میں بھی عمارتوں کی مرمت کیلئے اقدامات جاری ہیں، بچوں کی پڑھائی میں خلل نہ ہو اس لیے فری پیریڈ میں ان بلڈنگز کی مرمت ہوگی۔

ثمر بلور کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے اوپر ریویو شروع کر دیا گیا ہے، اسے بند یا منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ایم ٹی آئی کی ایڈمنسٹریشن کی ریویو لئے جا رہے ہیں، جو لوگ اس بورڈ میں بیٹھے ہوئے ہیں ان لوگوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔