اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ نون کی حدود میں اندھے قتل کی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان نے 14 سالہ لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد لاش پھینک دی اور موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ لڑکی کو تین گولیاں ماری گئیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی ، نامعلوم ملزمان واردات کے بعد لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش برآمد کرکے ضروری کارروائی شروع کردی ، پولیس نے قتل کی وجوہات اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کا عمل بھی شروع کیا ہے، تاکہ ملزمان کی آمدورفت اور فرار سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جاسکیں ، پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کی شناخت اور پوسٹ مارٹم سمیت دیگر قانونی و تفتیشی کارروائی مکمل ہونے کے بعد قتل کے محرکات اور واقعے کے اصل حقائق سامنے آنے کی توقع ہے ، تاحال ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی اور پولیس ان کی تلاش میں مصروف ہے۔

