شازیہ منظور کو دھمکیاں، جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کرانے کا الزام

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ قبضے کی کوشش اور انہیں دھمکیاں دینے کے الزام میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق لاہور کے علاقے ملت پارک پولیس نے گلوکارہ شازیہ منظور کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو گرفتار کرلیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے گلوکارہ کو جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے کی کوشش کی، جبکہ متنازع جائیداد پر پہنچ کر وہاں مقیم کرایہ داروں کو بھی دھمکیاں دیں اور ہراساں کیا۔

واقعے کے حوالے سے ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے، جس کی مدد سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔