جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا۔سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک فتنے سے ہمارا واسطہ ہے جسے ہم کچل چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ فتنہ تقریر کرتا ہے تو بونگی مارتا ہے، بھارت کے پائلٹ کو پکڑا اور 24 گھنٹے کے اندر بھارت کے حوالے کیا، پاکستان کے اسٹیٹ بینک کو تم نے آئی ایم ایف کے حوالے کیا۔
پشاور: عمران خان فتنہ ہے لیکن ہم اس فتنے کا سر کچل چکے ہیں۔اب یہ کبھی اقتدار میں دوبارہ نہیں آئے گا۔مولانا فضل الرحمان pic.twitter.com/nVg3eOysZm
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) September 17, 2022
عمران خان کے آرمی چیف کی تقرری اور ملک میں انتخابات سے متعلق بیانات پر ردعمل میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلےکہتا تھا آرمی چیف کو رخصت کرو اب کہتا ہے ایکسٹینشن دو، آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اس کی چوری نکل آئی ہے ، اگر عدالت اس کے خلاف فیصلہ دیے تو عدالت غلط ہو جاتی ہے اور اگر الیکشن کمیشن اس کے خلاف فیصلہ دے تو وہ جانبدار ہو جاتا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اب عمران خان کہتا ہے میں کال دوں گا، حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتا، عمران خان سے وقت مانگا کس نے ہے؟ الیکشن ہماری مرضی سے ہوں گے، آپ آئیں، حکیم ثناء اللہ انتظار میں بیٹھا ہے۔