عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط کردیے جائیں گے۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی ویڈیولنک پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کی۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم کی قیادت ڈائریکٹرمشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا نے کی، اجلاس میں آئی ایم ایف کے جاری پروگرام میں ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی گئی، اس کے علاوہ آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان اور پیشگی اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق گفتگو ہوئی۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ ملکی اہم مصروفیات کے باعث وزیراعظم نے پاکستان میں ٹھہرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم کی ہدایت پر آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کیلئے واشنگٹن کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز اور ملک میں میکرو اکنامک استحکام لانے کے حکومت کے ویژن سے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ وزیرخزانہ نے 9 ویں جائزہ کیلئے تمام پیشگی اقدامات کی تکمیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ تمام ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ڈائریکٹر آئی ایم ایف کے مطابق اسٹاف سطح کے معاہدے پر جلد دستخط کردیے جائیں گے جس کے بعد بورڈ منظوری دے گا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات پر پیشرفت جاری رکھے گا اور آئی ایم ایف پروگرام بروقت مکمل کرے گا۔ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف پاکستان میں اقتصادی استحکام لانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔