سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں تعینات پولیس افسران کا نفسیاتی امتحان

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آبادپولیس کے افسران کی کارکردگی اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے نفسیاتی امتحان کا سلسلہ جاری ہے ،اس سلسلہ میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں تعینات پولیس افسران کا نفسیاتی امتحان لیا گیا،امتحان کا مقصد افسران و جوانوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کے افسران وجوانوں کی استعداد کا ر کو بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے،اس سلسلہ میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں تعینات اسلام آباد پولیس کے افسران کی کارکردگی اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے نفسیاتی امتحان لیا گیا،اس حوالے سے خصوصی نفسیاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ،کمیٹی میں ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن کو چیئرمین تعینات کیا گیا جبکہ ایس پی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ، ایس پی ہیڈکوارٹرزاور طبعی نفسیاتی ماہرین کمیٹی کے ممبران ہیں، امتحان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میںتعینات پولیس افسران نے حصہ لیا،امتحان میں افسران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سفارشات مرتب کی گئی،اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے افسران و جوانوں کو ناصرف جسمانی بلکہ ذہنی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتاہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران و جوانوں کے نفسیاتی امتحان شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کا مقصد امن و عامہ کی صورت حال کے پیش نظر افسران و جوانوں کے نفسیاتی امتحانوں کے ذریعے کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔