ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں اور محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اہم اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں منعقد

حیدرآباد( سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں اور محرم الحرام کی آمد کے پیش نظرایک اہم اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں منعقد ہوا، جس میں نالوں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت، بجلی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میونسپل کمشنر ایچ ایم سی، تمام ٹائون چیئرمینز، واسا حکام، حیسکو افسران، آبپاشی حکام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ افسران اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران نے شرکت کی۔پبلک ہیلتھ کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ واسا کے بڑے برساتی نالے بند ہونے کے باعث متعدد گنجان آباد علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہو رہا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام ادارے مشترکہ سروے کریں۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے سیوریج و ڈرینج کے مسائل کو اے ڈی بی سکیم کے شامل منصوبوں میں شامل رکھاہے جیسے ہی فنڈز دستیاب ہوں، ڈرینج اور سیوریج پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ٹائون چیئرمینز اور یوسی چیئرمینز کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں صفائی، گٹر لائنوں اور سڑکوں کی مرمت کے لیے مہیا فنڈز استعمال کیے جائیں اور مون سون انتظامات کے حوالے سے ہر ہفتے اجلاس طلب کر کے پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔اس موقع ڈی سی حیدرآباد نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ کھلے مین ہولز کا مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری طور پر نئے مین ہولز نصب کیے جائیں جبکہ محرم الحرام سے قبل جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنایاجائے۔

اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے افسران کو وادھو واہ کی صفائی جبکہ واسا کو دیگر نالوں کی صفائی کا ٹاسک سونپا گیا۔ ٹائون چیئرمینز نے بتایا کہ واسا انتظامیہ پر زور دیا جائے کہ وہ لائنیں بچھانے کے بعد کنکشن کو بھی یقینی بنائے کیونکہ کئی علاقوں میں لائنیں بچھادی جاتی ہے لیکن کنکشن نہیں لگائے جاتے۔ ڈی سی نے واسا کے ایکسیئن کو ہدایت دی کہ بڑے نالوں کی صفائی کو ترجیح دی جائے کیونکہ چھوٹی نالیوں کی صفائی تو کی جاتی ہے مگر برساتی نالے نظرانداز ہوتے ہیں۔ اجلاس میں تجاوزات کے مکمل خاتمے، ایل پی جی دکانوں کو رہائشی و حساس علاقوں سے کھلی مقامات پر منتقل کرنے اور بارشوں میں نکاسی آب کی مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ پکا قلعہ، پریٹ آباد، علی آباد اور لیاقت کالونی جیسے علاقوں سمیت نشیبی علاقوں کی نکاسی آب کے انتظامات بہتر کیے جائیں گے

اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کی مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ریلوے سٹیشن پر ہر سال جمع ہونے والے پانی پر ضابطہ لانے کے لیے بھی اقدامات کی یقین دہانی کرائی ۔ مون سون کی بارشوں کے دوران زیادہ متاثر ہ علاقوں میں مشینری سمیت دیگرآلات کی دستیابی کو یقینی بنایاجائیگا ۔ایریگیشن افسران نے اجلاس کو بتایا کہ وادہوں واہ سمیت دیگر مقامات کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی واضح ہدایات ہیں کہ مون سون اور محرم الحرام کے دوران انتظامات کو ہر صورت میں موثر اور مربوط بنایا جائے، تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ عوام کو بہتر نتائج فراہم کیے جا سکیں۔