طلال چوہدری کی کاوشوں سے پاکستان کو مطلوب 2 ملزمان سپین میں گرفتار

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزارت داخلہ کی بڑی کامیابی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی کاوشیں رنگ لے لائیں، پاکستان کو مطلوب 2 ملزمان سپین میں گرفتار کر لئے گئے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کئی برس سے سپین میں مفرور ملزمان کی گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ضروری کارروائی کے بعد مطلوب ملزمان کو پاکستان کے حوالے کیا جائے گا، پاکستان کو مطلوب 2 ملزمان سپین میں گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے حالیہ دورہ سپین میں ہسپانوی وزیر داخلہ مارلاسکا گرینڈے سے ملاقات میں مطلوب ملزمان کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاریوں اور پاکستان حوالگی کا مطالبہ کیا تھا، سپین کے وزیر داخلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو احکامات دیئے جس پر کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے ،

دہشتگردی، قتل ، اغوا برائے تاوان سمیت 23 مقدمات میں مطلوب ملزم نوازش علی ہنجراہ اور دیگر مقدمے میں مطلوب ملزم ہارون اقبال کو انٹرپول ریڈ نوٹس پر سپین میں گرفتار کر لیا گیا ہے،پاکستان نے کئی برس سے سپین سے انٹرپول ریڈ نوٹس کے 38 مطلوب ملزمان کی گرفتاری و حوالگی کا مطالبہ کیا ہوا تھا۔

زیر مملکت طلال چوہدری نے حال ہی میں سپین کا دورہ کیا اور اس معاملے پر ہسپانوی وزیرداخلہ سے بات چیت کی جس پر یہ پیش رفت ہوئی ہے۔ زیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے 2 مطلوب ملزمان کی گرفتاری پر سپین کے وزیر داخلہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ امید ہے کہ سپین میں مفرور دیگرمطلوب ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے اور پاکستان کے حوالے کئے جائیں گے۔