اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک نے کہا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہے گا، مون سون کا اگلا سپیل آئندہ ہفتے متوقع ہے ۔ انہوں نے شہروں میںاربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شہریوں سے الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔
اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور حیدرآباد جیسے شہروں میں اربن فلڈنگ کی توقع ہے، شہری اور متعلقہ محکمہ جات چوکس رہیں اور ممکنہ سیلاب کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ مون سون کی بارشوں کے نئے اسپیل کے دوران بڑے پیمانے پر بارشیں متوقع ہیں جوخاص طور پر نشیبی علاقوں اور شہری مراکز میں سیلاب کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے وسطی پنجاب، شمالی علاقہ جات اور کشمیر متاثر ہوں گے جہاں سیلاب کی توقع ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خیبرپختونخوا (کے پی کے) میں بارشیں ہوں گی اور مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔عرفان ورک نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، موسم سے باخبر رہیں اور بارش کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مقامی حکام پر بھی زور دیا کہ وہ متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔