کوئٹہ( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے زیارت زڑگئی ڈیم میں خواتین کوبچانے والے نوجوان شمائل خان کیلئے نقد انعام ،سرٹیفکیٹ اور پی ڈی ایم اے میں نوکری کااعلان کردیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں کے زڑگئی ڈیم میں موسلادھار بارش کے بعد 3 خواتین ڈیم میں ڈوب گئیں ،نوجوان شمائل خان نے اپنی جان پر کھیل کر 2خواتین کو زندہ بچالیا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی،بلوچستان آدھا پاکستان ہے،یہاں ریسکیو ٹیموں کا متعلقہ جگہوں پر پہنچنے میں کافی وقت لگتا ہے،ایسے میں سول سوسائٹی سے شمائل خان جیسے بہادر لوگ صف اول میں رہ کر انسانیت کی خدمت کررہے ہیں،شمائل خان جیسے لوگ نہ صرف بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں بلکہ انسانیت کا فخر ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شمائل خان نے انسانیت کی خاطر بغیر کسی لالچ کے اپنی زندگی پر کھیل کر دو انسانوں کی جان بچائی،اس خدمت کی عوض کچھ بھی دیا جائے کم ہے، مگر ایک ذمہ دار حکومت ہونے کی وجہ سے ہماری حکومت اس بہادر نوجوان کیلئے نقد انعام،تعریفی سرٹیفیکیٹ اور پی ڈی ایم اے بلوچستان کی ریسکیو فورس میں نوکری دینے جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج نے پوری دنیا بدل دی ہے،احتیاطی تدابیر اور ایک دوسرے کا خیال رکھ کر ہی ہم تمام ناگہانی صورتحال کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔