گوادر کی پائیدار ترقی حکومت کی ترجیح، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں: وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چودھری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انور چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقیاتی پالیسی میں ماحولیاتی مزاحمت (climate resilience) کو مرکزی حیثیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، خصوصاً گوادر جیسے علاقوں میں جہاں حکومت چینی و مقامی شراکت داری کو فروغ دے کر پائیدار اقتصادی ترقی کو ممکن بنانے کے لیے پرعزم ہے یہ بات انہوں نے گوادر پریس کلب کے صدر اسماعیل عمر کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ مقامی وسائل پر مبنی ترقی کے ذریعے لوگوں کے روزگار میں بہتری لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گوادر میں فشریز ویلیو ایڈیشن یونٹس اور کھجور پروسیسنگ پلانٹس جیسے منصوبے نہ صرف مقامی معیشت کو تقویت دیں گے بلکہ ماحول دوست ترقی کو بھی فروغ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا: “ہماری پالیسی ہے کہ گوادر کی معیشت کو فروغ دیں، لیکن ماحولیاتی تحفظ کو نقصان پہنچائے بغیر۔”

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گوادر پورٹ پر 2,000 ٹن کی کولڈ اسٹوریج سہولت پہلے ہی کام کر رہی ہے، جو فصلوں کی کٹائی کے بعد کے نقصانات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پانی کی قلت جیسے ماحولیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے 12,000 گیلن یومیہ صلاحیت کے ڈی سیلینیشن پلانٹ کے آزمائشی مرحلے کے آغاز کی بھی اطلاع دی ماحول دوست اقدامات کے سلسلے میں، جنید چودھری نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے کمیونٹی بیسڈ شجرکاری مہم کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے تحت ہر گھر کم از کم ایک ماحولیاتی لحاظ سے موزوں درخت لگائے گا۔ انہوں نے کہا: “ایک سرسبز گوادر پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے، اور اس کے لیے عوام کی شرکت کلیدی حیثیت رکھتی ہے انسانی وسائل کی ترقی پر بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر ہوں، خاص طور پر ان شعبوں میں جو ماحولیاتی حساسیت کے حامل ہیں اور جہاں گرین اسکلز کی مانگ بڑھ رہی ہے وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے گوادر پورٹ کے ذریعے کپاس کی درآمدات کی رضامندی ظاہر کی ہے، جس سے نہ صرف تجارتی رسد و نقل و حمل کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ ٹرانسپورٹ سے خارج ہونے والی آلودگی میں بھی کمی ممکن ہو سکے گی۔

وفاقی وزیر جنید انور چودھری کے مطابق گوادر کے لیے ان کی ہمہ جہت ترقیاتی حکمت عملی صرف ایک شہر نہیں، بلکہ پورے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔