راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پانی کی قلت، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، گندے پانی کی ری سائیکلنگ اور سیوریج ٹریٹمنٹ کے نظام جیسے اہم ماحولیاتی مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اجلاس کے دوران پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے کلسٹرز میں پانی کے تحفظ کے لیے مؤثر اور پائیدار حکمت عملیوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہری آبادی میں تیزی سے اضافے اور پانی کے غیر منظم استعمال کے باعث مقامی آبی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کا فوری تدارک ضروری ہے۔ ڈویلپرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہاءوسنگ سکیموں میں بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، گندے پانی کی ری سائیکلنگ، اور پانی کے مؤثر نظام کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ، ڈی جی آر ڈی اے نے دریاؤں کے اطراف رائٹ آف وے (ROW) قوانین کے نفاذ پر بھی زور دیا تاکہ دریاؤں کے کناروں کا تحفظ، غیر قانونی تجاوزات کی روک تھام، اور قدرتی آبی گزرگاہوں کو برقرار رکھا جا سکے۔ مزید برآں، ڈی جی آرڈی اے نے ہدایت دی کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ ڈویلپرز مقامی آبی ذخائر کو آلودگی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور ہر سکیم میں سیوریج ٹریٹمنٹ کے مناسب نظام کی تنصیب اور دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی سکیموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا یہ صرف تعمیل کی بات نہیں، بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے پانی جیسے قیمتی وسائل کے تحفظ کا معاملہ ہے۔ ہمیں ابھی عمل کرنا ہوگا تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہو۔ اجلاس کا اختتام تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول عوام الناس، ڈویلپرز اور شہریوں کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہوا تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ اور پائیدار شہری ترقی ممکن بنائی جا سکے۔ اجلاس میں آرمی انفارمیشن سیل، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ، چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ، اور دیگر متعلقہ نمائندگان نے شرکت کی۔

