ہاؤ سنگ و تعمیرات سے متعلق قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی ہاؤ سنگ و تعمیرات سے متعلق قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کے روز ، مورخہ24 جولائی 2025 کو دن 1:00 بجے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤ سنگ اتھارٹی (FGEHA) کے کمیٹی روم جی-10/4، اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں راکین اسمبلی نے شرکت کی ۔جن کا استقبال معزز ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی جناب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے کیا ۔اس موقع پر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے اعلی افسران بھی موجود تھے ، انجم عقیل خان، ایم این اے ،محترمہ سیما محی‌الدین جمیلی، ایم این اے ، محبوب شاہ، ایم این اے ، ابرار احمد، ایم این اے .
اجلاس میں درج ذیل ایجنڈے /نکات زیر غور آئے ،
“اراضی کے حصول، تعمیر شدہ جائیدادوں کے معاوضے، اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے منصوبہ جات کی تکمیل میں تاخیر سے متعلق معاملات کا جائزہ اور ان کا حل تلاش کرنا۔”
اسمبلی نے اجلاس کے دوران شراکت داری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، اور پاکستان کی مجموعی ترقی، بالخصوص اس کی متحرک آبادی کی رہائشی ضروریات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران نے پیش کردہ تمام تجاویز کو بغور سنا اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق اپنی قیمتی آرا سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) نے اراکینِ اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراضی کے حصول، معاوضوں اور منصوبہ جات کی تکمیل میں تاخیر سے متعلق امور کے مؤثر اور ترجیحی حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ایف جی ای ایچ اے، وزیراعظم کے ویژن کے تحت، عوامی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے مشترکہ منصوبہ جات (JV پارٹنرشپس) کے ذریعے شہریوں کو بہتر سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی رہائشی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی، کیونکہ اس کا مقصد سرکاری ملازمین اور دیگر مستحق گروہوں کو بروقت رہائش کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے وسیع منصوبوں سے نہ صرف عوام کو رہائشی و تجارتی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ تعمیراتی شعبے سے منسلک چالیس سے زائد صنعتوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ لہٰذا یہ منصوبے نہ صرف رہائش کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ قومی معیشت کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کریں گے