یومِ استحصال کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا خصوصی پیغام

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب مودی سرکار نے آئینِ ہند کی دفعات 370 اور 35-A کو ختم کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام کیا محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یہ اقدام کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت پر ایک کھلا وار تھا، جو نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے انہوں نے کہا کہ نہ کشمیریوں نے اس اقدام کو تسلیم کیا، نہ پاکستان نے، اور نہ ہی دنیا کی باشعور اقوام نے۔ کشمیری عوام نے اس غیر قانونی فیصلے کو دوٹوک انداز میں رد کر دیا، اور آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی ہے اور عالمی سطح پر ان کا مقدمہ جرات اور استقامت کے ساتھ لڑا ہے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ الحمدللہ! آج کشمیری، خواہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہوں یا آزاد کشمیر میں، پاکستان سے اپنی وابستگی پر فخر کرتے ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار کھلے دل سے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی اور پاکستان کی کامیابیوں پر کشمیری عوام نے جس محبت، اعتماد اور فخر کا اظہار کیا، وہ اس رشتے کی گہرائی کا واضح ثبوت ہے “کشمیری جانتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آنے والا وقت ان کے صبر، جدوجہد اور ایثار کا ثمر لائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی سازشیں اور مظالم کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو توڑنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔

“یاسین ملک جیسے بہادر حریت رہنما آج بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں، لیکن کشمیری قوم کے حوصلے اور استقامت میں ذرّہ برابر بھی لغزش نہیں آئی۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ مودی حکومت کا وار ناکام ہو چکا ہے، اور کشمیریوں کا حقِ خودارادیت اب پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے “ان شاءاللہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، ظلم و جبر کی طویل رات اب اپنے انجام کو پہنچنے کو ہے۔”
محمد حنیف عباسی نے اپنے بیان کا اختتام اس ایمان افروز کلمات کے ساتھ کیا:“کشمیر بنے گا پاکستان — یہ محض نعرہ نہیں، بلکہ ہمارا ایمان ہے۔آنے والی نسلیں خود یہ نعرہ پایۂ تکمیل تک پہنچتے ہوئے سنیں گی۔
کشمیر کی آزادی اب دور نہیں — وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر پاکستان کا ناقابلِ تقسیم حصہ بنے گا۔”