اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک سے کینیڈین ہائی کمیشن کے نگرانِ اُمور (Chargé d’Affaires) مسٹر لوک مائرز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا مسٹر لوک مائرز نے پاکستان کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور حالیہ سیلابوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے مسٹر مائرز کو آگاہ کیا کہ حالیہ سیلابوں کے باعث تقریباً 36 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ریلیف آپریشنز جاری ہیں اور پیش رفت کر رہے ہیں، لیکن اصل چیلنج اس وقت سامنے آئے گا جب پانی اترنے کے بعد تباہی کے آثار اور ڈھانچہ جاتی نقصانات مزید واضح ہوں گے ملاقات میں دونوں فریقین نے سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں غذائی تحفظ (Food Security) پر پڑنے والے اثرات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ اس ضمن میں خوراک کے ضوابط، تجارتی مواقع، اور جی ایم او (GMO) بیجوں کے استعمال کے ذریعے زرعی پیداوار میں بہتری لانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے مزید بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، ریگولیٹری امور میں بہتری لائی جا سکے اور کارکردگی میں اضافہ ہو دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی لچک (Climate Resilience)، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر کام کیا جائے گا.

