اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے پر بحال کردیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کی جانب سے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کردیا تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی جسٹس محمد آصف اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ انہوں نے دلیل دی کہ رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیئرمین کو پی ٹی اے کا رکن مقرر نہیں کیا جا سکتا کیونکہ آسامی کو غلط اطلاع دی گئی تھی۔

وکیل نے کہا کہ 25 مارچ کو رولز تبدیل ہوئے تھے اور کابینہ نے بھی اس کی منظوری دی تھی جس کے بعد چیئرمین کی تقرری عمل میں آئی۔ تاہم بعد میں درخواست واپس لے لی گئی اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کا چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے پر بحال کردیا خیال رہے کہ جسٹس بابر ستار نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا اسلام آباد ہائی کورٹ نے 99 صفحات پر مشتمل محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا تھا جس میں جسٹس بابر ستار نے کہا تھا کہ پی ٹی اے کے چیئرمین کی تقرری قانونی طور پر درست نہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ اس فیصلے کے خلاف پی ٹی اے کے چیئرمین سمیت دیگر جماعتوں نے اپیل کی تھی۔