اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکی کے قیام کی 102ویں سالگرہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور برادر ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر ریلوے نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکی نے ترقی، استحکام اور خود انحصاری کی نئی مثالیں قائم کی ہیں، جو پوری مسلم دنیا کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات اخوت، بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روحانی اور ثقافتی رشتے قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اسٹریٹجک، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ترک عوام کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات “دو ملک، ایک قوم” کے جذبے کی حقیقی مثال ہیں۔

