وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر کامران رضی، نائب صدر حمید سومرو، جنرل سیکرٹری اکرم بلوچ سمیت دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے۔ بدھ کو اپنے تہنیتی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور حقائق پر مبنی صحافت کسی بھی معاشرے کی ترقی و استحکام کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری جمہوری اقدار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی نئی قیادت اپنے پیشہ ورانہ فرائض دیانتداری، ذمہ داری اور غیر جانبداری سے ادا کرتی رہے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات صحافتی اداروں کے ساتھ قریبی روابط کے ذریعے ذمہ دار اور مثبت صحافت کے فروغ کے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔