اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وزیر مملکت برائے وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر کی سربراہی میں پاکستان کے وفد نےسمرقند میں جاری یونیسکو کی 43ویں جنرل کانفرنس میں شرکت کی ۔ان کے ہمراہ وزارتِ تعلیم کے سینئر حکام اور یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مشن کے نمائندے بھی موجود ہیں۔پاکستانی وفد کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں بھر پور شرکت کر رہا ہے جن میں عالمی تعلیمی پالیسی، ثقافتی ورثے کے تحفظ، سائنسی تعاون اور پائیدار ترقی جیسے موضوعات پر غور کیا جا رہا ہے۔
یہ کانفرنس یونیسکو کے 194 رکن ممالک کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہی ہے تاکہ تعلیم، جدت اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کے حصول کے لئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جا سکے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وجیہہ قمر نے یونیسکو کے مینڈیٹ کے ساتھ پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور تعلیم تک مساوی رسائی، ہنرمندی کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے حکومتِ پاکستان کی جاری اصلاحات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیم میں ڈیجیٹل تبدیلی، صنفی مساوات، اور ماحولیاتی استحکام جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی شراکت داری ناگزیر ہے۔یونیسکو کی 43ویں جنرل کانفرنس پاکستان کے لئے ایک اہم موقع فراہم کر رہی ہے کہ وہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تجربات کا تبادلہ کرے، عالمی پالیسی مباحثوں میں فعال کردار ادا کرے اور تعلیم و ثقافت کے شعبوں میں عالمی پالیسیوں کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالے۔

