اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )منصوبہ بندی کمیشن پاکستان کے رُکن برائے پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ کمپیٹیٹیو نیس ڈاکٹر صہیب حسن کی زیرِ صدارت جمعرات کو مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ’’اُڑان ایز آف ڈوئنگ بزنس اینڈ ایکسپورٹ ایڈوانسمنٹ فورم‘‘ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری خورشید برلاس اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن یونٹ (NETU) ارما ملیکہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران فورم کے انعقاد سے متعلق مختلف پہلوؤں، انتظامی اُمور اور رابطہ کاری کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ فورم وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت 23 نومبر 2025ء کو پرل کانٹی نینٹل ہوٹل کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔اُڑان پاکستان کے تحت یہ فورم کاروباری اصلاحات، مسابقت، اختراع اور برآمدات پر مبنی ترقی کے فروغ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس موقع پر پالیسی سازوں، صنعتکاروں، ماہرینِ معیشت اور کاروباری شخصیات کو موقع دیا جائے گا کہ وہ پاکستان میں کاروبار کے بہتر مواقع اور برآمدی استعداد میں اضافے کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔
اس موقع پر ڈاکٹر صہیب حسن نے کہا کہ اُڑان ایز آف ڈوئنگ بزنس اینڈ ایکسپورٹ ایڈوانسمنٹ فورم پاکستان کے کاروباری ماحول کو عالمی معیار کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے میں ایک سنگِ میل ثابت ہو گا، ہمارا مقصد ایسا سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے جہاں جدت کو فروغ ملے، کاروبار ترقی کرے اور برآمدات ملکی خوشحالی کا ذریعہ بنیں، اُڑان پاکستان کے پلیٹ فارم کے ذریعے ہم پالیسی کو کارکردگی سے جوڑ رہے ہیں اور مسابقت کو قومی تحریک میں تبدیل کر رہے ہیں۔

