ملتان کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ، ایک کروڑ چونتیس لاکھ روپے مالیت کی چاندی ضبط

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) ملتان نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے بواتہ کے قریب سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک کروڑ چونتیس لاکھ روپے مالیت کی تقریباً 30 کلوگرام چاندی ضبط کر لی ایف بی آر کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق مصدقہ اطلاع پر مقامی حکام کے تعاون سے اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے ایک مسافر بس کو روکا اور اس کی تفصیلی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران کسٹم اہلکاروں نے تقریباً 30 کلوگرام وزنی چاندی کے بسکٹ برآمد کیے۔ کسی مسافر نے اس کی ملکیت کا دعوی نہ کیا اور نہ ہی درآمد یا خریداری کی قانونی دستاویزات پیش کیں جس سے یہ واضح ہو گیا کہ یہ چاندی سمگل شدہ تھی ۔ضبط شدہ چاندی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

مزید تفتیش جاری ہے تاکہ سمگل شدہ سامان کے ماخذ، روٹ اور متوقع وصول کنندگان کا سراغ لگایا جا سکے اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو موثر انفورسمنٹ اقدامات اور مختلف اداروں کے مشترکہ تعاون کے ذریعے قومی محصولات کے تحفظ اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر کسٹمز قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے۔