گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے نئے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات

لاہور(سٹاف رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت زراعت، قابل تجدید انرجی سیکٹر،ڈیری اور پولٹری کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے کینیڈین ہائی کمشنر کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈاکے درمیان اچھے اور خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے ذریعے تعلقات کو مذید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پا کستان میں ڈیری، میٹ، زراعت اور ٹیکساٹل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار پالیسی اپنائی ہے جس سے پاکستان میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کینیڈا میں بڑی تعداد میں مقیم پاکستانی کینیڈا کی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔پاکستان کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو تجارت، ماحولیات اور عوامی سطح پر رابطوں میں مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔