پشاور(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے پشاور زون نے غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کرنے میں ملوث افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے۔ کارروائی کے دوران پشاور کے علاقے دبگڑی میں واقع ایک نجی ہوٹل سے پانچ افغان شہری گرفتار کیے گئے ہیں۔
گرفتار شدگان میں علی خان، اجمل، قاسم، احمد اور حمزلہ شامل ہیں، جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔ ملزمان کے قبضے سے افغان دستاویزات اور پاکستانی شناختی کارڈ برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان غیر قانونی راستے سے پاکستان داخل ہوئے اور جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستانی دستاویزات کے ذریعے سعودی عرب کا ورک ویزا حاصل کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار شدگان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی یہ کارروائی ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل پشاور کی جانب سے کی گئی۔

