اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کورآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبران وفاقی پولیس، رینجرز، کسٹمز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال اور جی الیون بم دھماکے کے بعد عدالتوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم ٹیگ اور ہاؤس ہولڈ سروے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور تمام اداروں کے مابین کورآرڈنیشن بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں نان کسٹم گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے گا،منشیات کے خلاف جاری مہم کو موثر انداز میں مزید آگے بڑھایا جائے گا۔اجلاس میں غیر قانونی شہریوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ شہر کی سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں تمام اداروں کا کردار اہم ہے۔

