دھند کے باعث ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند

ملتان (کرائم رپورٹر)شدید دھند کے باعث ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو کو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ وسطی زون کے مختلف علاقوں جن میں کسووال، راجپوت نگر، قادر پور اور بہاولپور بائی پاس شامل ہیں، دھند کے باعث حدِ نگاہ نہایت کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ اڈا شنال اور مسافر خانہ کے علاقوں میں بھی شدید دھند پائی جا رہی ہے، جس سے ڈرائیونگ کے دوران خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ ڈرائیونگ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا تازہ معلومات کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 یا آفیشل سوشل میڈیا اور ویب سائٹس سے رجوع کریں۔