ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کا انسانی سمگلرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، یونان کشتی حادثہ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان گرفتار

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 2024 کے یونان کشتی حادثہ میں ملوث خادم حسین راجہ بھی شامل ہے ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ خادم حسین راجہ دو مقدمات میں ایف آئی اے گوجرانوالہ کو مطلوب تھا۔ ملزم نے درخواست دہندہ کے بیٹے اور عزیز کو سپین بھیجنے کے بہانے سے ان سے رقم ہتھیائی اور بعد ازاں متاثرین کو موریطانیہ بھجوا کر ان پر تشدد کرتے ہوئے مزید رقوم حاصل کیں۔ خادم حسین نے مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔

دوسرا گرفتار ملزم محمد جاوید اقبال شہری کو یوگینڈا بھیجنے کے جھانسے میں 2 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھیا چکا تھا اور سال 2019 سے مطلوب تھا ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔