ایف آئی اے اور آئی سی ایم پی ڈی کا یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف آگاہی سیمینار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) کے تحت قائم مائیگرنٹ ریسورس سینٹر (MRC) لاہور کے تعاون سے یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ یہ سیمینار یونیورسٹی کے ریسرچ ایرینا 2025 اقدام کا حصہ تھا سیمینار کا مقصد طلبہ کو انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہ کرنا اور تعلیم، روزگار اور بین الاقوامی نقل و حرکت کے لیے محفوظ اور قانونی ذرائع کو فروغ دینا تھا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمود علی کھوکھر نے شرکاء کو انسانی اسمگلنگ اور تارکین وطن کی اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے اور تکنیکی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا تاکہ جعلی ملازمتوں اور غیر قانونی ہجرت میں ملوث مجرمانہ نیٹ ورکس کے ہاتھوں استحصال سے بچا جا سکے۔

مائیگرنٹ ریسورس سینٹر لاہور کی سینئر کونسلر شازیہ رفیق نے قانونی ہجرت کے مواقع پر روشنی ڈالی، بالخصوص بین الاقوامی اسکالرشپس کے حوالے سے طلبہ کو مستند اور میرٹ پر مبنی تعلیمی مواقع کی نشاندہی کرنے کی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے روزگار سے متعلق ایم آر سی کی مشاورتی خدمات کا بھی تعارف کروایا اور طلبہ پر زور دیا کہ بیرونِ ملک ملازمت یا تعلیمی پیشکشوں کی تصدیق مستند اور سرکاری ذرائع سے ضرور کریں پنجاب جاب سینٹر (PJC)، لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان شیخ انعام اللہ (پروگرام منیجر) اور طیب ریاض (سوشل میڈیا ایکسپرٹ) نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔ شیخ انعام اللہ نے حکومتی سرپرستی میں فراہم کی جانے والی روزگار خدمات اور جاب میچنگ سہولیات پر بریفنگ دی.

جبکہ طیب ریاض نے طلبہ کو پنجاب جاب پورٹل پر رجسٹریشن اور مستند ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ معلومات کو اپنے تعلیمی اور سماجی حلقوں میں آگے منتقل کریں گے۔ سیمینار کے اختتام پر ایف آئی اے نے باخبر، محتاط اور باشعور نوجوانوں کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت جیسے جرائم کی مؤثر روک تھام کی جا سکے۔