پہلگام واقعے بارے اقوام متحدہ کی جائزہ رپورٹ میں اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا گیا . وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں پہلگام واقعے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جائزہ رپورٹ میں اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا گیا جس سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ۔

جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغا م میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جائزہ رپورٹ میں پہلگام واقعے میں بھارت پاکستان کے ملوث ہونے بارے الزاما ت ثابت کرنے میں ناکام رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 7مئی کوبھارت نے پاکستانی حدود میں طاقت کا استعمال کیا جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے،یواین او نے اپنی جائزہ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا کہ اگر بھارت کی کارروائی کو مسلح حملہ قرار دیا جاتا ہے توپاکستان اپنے دفاع کا حق استعمال کرنے کا حقدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرے اورا س کے قانونی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے اقدامات سے باز رہے۔